کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر مزید 2 شہری جاں بحق

گلشن معمار گبول گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والا شہری اور اورنگی ٹاؤن الطاف نگر میں 22 سالہ نوجوان جاں بحق


منور خان November 06, 2026

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر مزید دو شہری جاں بحق ہوگئے تاہم اورنگی ٹاؤن میں پیش آنے والی واردات کو پولیس نے فائرنگ کا واقعہ قرار دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن معمار گبول گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والا شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

گلشن معمار کے علاقے گبول گوٹھ 31 اکتوبر کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 سگے بھائی عنایت اور جعفر سمیت 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ایس ایچ او گلشن معمار محمد علی نیازی نے بتایا کہ جعفر چند روز قبل دم توڑ گیا تھا جبکہ پولیس نے واردات میں ملوث ملزم اورنگزیب کو بھی مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا جو جیل جا چکا ہے ، مقتول گبول گوٹھ کا رہائشی تھا۔

دوسری جانب جمعرات کی شب اورنگی ٹاؤن کے علاقے الطاف نگر بلاک اے گلی نمبر 3 میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارورائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 22 سالہ حمزہ علی کے نام سے کی ہوئی جس کے سینے پر گولی لگی تھی جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

پاکستان بازار پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی وجہ کا تعین کیا جا ہر اہے۔