کراچی؛ گلشن حدید گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ، ماں اور بیٹی قتل

موٹر سائیکل سوار ملزم نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور اس کے بعد گھر سے نکل کر موٹرسائیکل میں سوار ہو کر فرار ہوگیا


منور خان November 06, 2026
فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید فیز ٹو میں ملزم نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر کے ماں اور بیٹی کو قتل کر دیا اور بیٹا زخمی ہوگیا جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گلشن حدید فیز ٹو میں قتل کی اطلاع ملتے ہی اسٹیل ٹاؤن پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے جبکہ ماں اور بیٹی کی لاشوں کو ابتدائی طور پر قریب ہی قائم الخدمت اسپتال لے جایا گیا، بعدازاں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن محمد خان نے بتایا کہ فائرنگ سے قتل خاتون کی شناخت 45 سالہ سمیہ زوجہ محمد دین، بیٹی کی شناخت 16 سالہ بختاور کے نام سے ہوئی جبکہ فائرنگ سے بیٹا 12 سالہ زید بھی زخمی ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل پر آنے والے ملزم نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، ماں اور بیٹی کو چہرے پر گولیاں لگی تھیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں تاہم کرائم سین یونٹ نے جائے وقوع سے شواہد حاصل کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو جائے وقوع سے 30 بور پستول کے 4 خول ملے ہیں، مقتولین کا آبائی تعلق کشمور سے بتایا جاتا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

پولیس مقتولہ کے اہل خانہ اور زخمی بیٹے سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے، موٹر سائیکل سوار ملزم کی گھر میں گھس کر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں ملزم کو فائرنگ کے بعد گھر سے نکل کر موٹر سائیکل انتہائی تیز رفتاری سے چلا کر جاتے ہوئے دیکھا گیا اور فائرنگ کے بعد گھر سے چیخ و پکار کے آوازیں بھی سنائی دیں۔

فوٹیج میں فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ بھی گھروں کے باہر موجود دکھائی دیے اور ملزم کو گھر سے نکل کر موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے دیکھتے رہے۔