منشیات فروش کے ساتھ بات چیت کی آڈیو، ایس ایچ او پاک کالونی کے خلاف انکوائری کا حکم

اس عمل کو پولیس کے نظم و ضبط کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا


منور خان November 06, 2026

کراچی:

شہر قائد میں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کیماڑی سنگھار ملک نے ایس ایچ او پاک کالونی انسپکٹر فیصل گل کے خلاف انکوائری افسر کی نامزدگی کا حکمنامہ جاری کر دیا جس میں ایس ڈی پی او بلدیہ سب ڈویژن کا نامزد کیا گیا ہے۔

حکمنامے کے مطابق 5 نومبر 2026 کو سوشل میڈیا پر ایک مبینہ آڈیو ریکارڈنگ سامنے آئی جس میں مبینہ طور پر انسپکٹر فیصل گل اور کانسٹیبل بلال کو ایک منشیات فروش کاشف عرف دادا کے ساتھ غیر مجاز اور سمجھوتہ آمیز گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا۔

الزامات کے مطابق ایک مجرم کے ساتھ بھائی بندی اور مصالحت کی کوشش کی گئی جبکہ ماتحت کانسٹیبل کو منشیات فروش سے معافی مانگنے کا بھی کہا گیا۔

اس عمل کو پولیس کے نظم و ضبط کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا جبکہ انکوائری افسر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 7 دن کے اندر سفارشات کے ساتھ رپورٹ جمع کرائیں ۔