راحت فتح علی خان نے شراب کی بوتل کو دم والا پانی بنادیا رابی پیرزادہ

راحت فتح علی نے اپنے شاگرد سے موسیقی سیکھانے کا وعدہ کیا اور بدلے میں اپنے گھر کی ملازمت کروارہے ہیں، رابی پیرزادہ


ویب ڈیسک February 03, 2024
وائرل ویڈیو میں راحت فتح علی خان اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے : فوٹو : ویب ڈیسک

اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار و قوال راحت فتح علی خان کی حالیہ وائرل ویڈیو پر ردعمل دیا ہے۔

27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔

اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے بعد راحت فتح علی خان نے کہا تھا کہ میں اس بوتل کی حقیقت بتانا چاہتا ہوں جس کا سب سوشل میڈیا پر مذاق بنا رہے ہیں کہ وہ کوئی دوسری بوتل تھی، اُس بوتل میں میرے پیر کا دم کیا ہوا پانی تھا اور وہ بوتل اُس شاگرد سے کھو گئی تھی۔

وائرل ویڈیو کے بعد کئی مشہور شخصیات نے راحت فتح علی خان کے اپنے شاگرد کے ساتھ نامناسب رویے پر غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ گلوکار سے اپنی شہرت سنبھالی نہیں جارہی، اسی لیے صرف ایک بوتل کے پیچھے شاگرد پر بدترین تشدد کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: راحت فتح علی خان کی 'بوتل' کی حقیقت سامنے آگئی

اب سابقہ گلوکارہ رابی پیرزادہ نے یوٹیوب پر اپنی ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اُنہوں نے راحت فتح علی خان کی وائرل ویڈیو پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ "میں گزشتہ دنوں سے راحت فتح علی خان کی ویڈیو دیکھ رہی تھی، شروعات میں اس معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتی تھی کیونکہ میں اب میوزک انڈسٹری کا حصہ نہیں ہوں تو اس انڈسٹری سے وابستہ فنکار میرے بولنے پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن پھر میرے ضمیر نے مجھے خاموش رہنے کی اجازت نہیں دی"۔

اُنہوں نے کہا کہ "میں آپ کو بتاتی چلوں کہ یہ بڑے گلوکار اپنے شاگردوں کو مفت میں رکھتے ہیں، یہ اپنے شاگردوں کو بمشکل ہی معاوضہ دیتے ہیں، یہ نامور گلوکار اپنے شاگردوں کو موسیقی سیکھانے کی لالچ دیکر ان سے اپنے گھر کے تمام کام کرواتے ہیں"۔

مزید پڑھیں: تشدد کا واقعہ، راحت فتح علی خان نے ملازم سے معافی مانگ لی

رابی پیرزادہ نے کہا کہ "جب کوئی گلوکار کنسرٹ کرتا ہے تو وہ کروڑوں میں معاوضہ لیتا ہے جبکہ وہ اپنے ان شاگرد موسیقاروں کو چند ہزار روپے ادا کرتا ہے اور یہ بڑے گلوکار اپنے شاگرد موسیقاروں کو عزت بھی نہیں دیتے ہیں"۔

اُنہوں نے کہا کہ "بہت سارے لو پروفائل موسیقار ہیں جن کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جا رہا ہے، موسیقار کے بغیر کنسرٹ نہیں ہو سکتا کیونکہ موسیقار کی وجہ سے ہی کنسرٹ ہٹ یا فلاپ ہوتا ہے لیکن ہمارے یہاں گلوکار کو تو عزت دی جاتی ہے، کروڑوں روپے دیتے جاتے ہیں جبکہ موسیقاروں کو کوئی نہیں پوچھتا اور وہ اپنی ساری زندگی ان گلوکاروں کی خدمت میں گزار دیتے ہیں"۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ "راحت فتح علی خان کی اپنے شاگرد پر تشدد کی ویڈیو دیکھنے کے بعد مجھے یقین ہو گیا کہ اُن کا شاگرد بھی اُن کے گھر میں مفت میں کام کررہا ہے، راحت صاحب نے اپنے شاگرد سے موسیقی سیکھانے کا وعدہ کیا ہوگا اور بدلے میں اپنے گھر کی ملازمت کروارہے ہیں"۔

مزید پڑھیں: "راحت فتح علی سے اپنی شہرت سنبھالی نہیں جا رہی"، مشی خان کی تنقید

انہوں نے راحت فتح علی خان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ "آپ نے شراب کی بوتل کو دم کا پانی بناکر سب کے سامنے پیش کیا، آپ اُس بوتل کو کوئی دوسرا نام بھی دے سکتے تھے اور اب آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ کی ملازمین پر تشدد کرنے کی دیگر ویڈیوز بھی لیک ہوں گی کیونکہ آپ کے حساب سے آپ کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے"۔

رابی پیرزادہ نے مزید کہا کہ "آپ نے غلطی کی ہے، اسی لیے تو ویڈیوز منظر عام پر آرہی ہیں، ہم سب سے غلطیاں ہوتی ہیں، مجھ سے بھی ماضی میں بہت غلطیاں ہوئی ہیں، میں آپ کو یہی مشورہ دوں گی کہ عوام سے معافی مانگنے کے بجائے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں"۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں