"آپ نے مجھ سے محبت کرنا چھوڑ دی تو میرا کیریئر ختم ہوجائے گا"

ویب ڈیسک  پير 6 مئ 2024
سلمان خان کے ہاتھ سے لکھا گیا خط خوب وائرل ہورہا ہے : فوٹو : فائل

سلمان خان کے ہاتھ سے لکھا گیا خط خوب وائرل ہورہا ہے : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کا ایک پُرانا خط سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنی سُپر ہٹ فلم ‘میں نے پیار کیا’ کی کامیابی کے بعد مداحوں سے اظہارِ تشکر کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر سلمان خان کے ہاتھ سے لکھا گیا خط خوب وائرل ہورہا ہے جوکہ اُنہوں نے اپنی فلم ‘میں نے پیار کیا’ کی ریلیز کے چار ماہ بعد اپنے مداحوں کے نام لکھا تھا۔

سلمان خان نے خط میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا تھا کہ سب سے پہلے تو مجھے قبول کرنے اور میرے پُرستار ہونے کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، میں پوری محنت اور لگن سے کام کررہا ہوں، میں اپنی ساری توجہ اپنے کام پر مرکوز کررہا ہوں۔

اداکار نے لکھا تھا کہ میں اگلی فلموں کے لیے بہترین اسکرپٹ کا انتخاب کروں گا کیونکہ میں جانتا ہوں کہ اب میں جو کچھ بھی کروں گا تو اس کا موازنہ میری فلم ‘میں نے پیار کیا’ سے کیا جائے گا، لہٰذا آپ جب بھی میری نئی فلم سے متعلق کوئی اعلان سُنیں تو یقین رکھیں کہ یہ ایک اچھی فلم ہوگی۔

اُنہوں نے لکھا تھا کہ میں آپ سے پیار کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ آپ مجھ سے محبت کرتے رہیں گے کیونکہ جس دن آپ مجھ سے محبت کرنا چھوڑ دیں گے اور آپ میری فلمیں دیکھنا چھوڑ دیں گے تو اُس دن میرے کیریئر کا اختتام ہوگا، آپ لوگوں کی وجہ سے ہی ہم اسٹار بنتے ہیں۔

سلمان خان نے مزید لکھا تھا کہ آپ میری ذاتی زندگی کے بارے میں سب کچھ ہی جانتے ہیں، اسی لیے میرے پاس اس حوالے سے کہنے کے لیے بہت کچھ نہیں ہے، میں صرف ایک بات جانتا ہوں کہ آپ نے مجھے قبول کر لیا ہے۔

letter

واضح رہے کہ 1988 میں پہلی فلم  ’بیوی ہو تو ایسی‘ میں اداکارہ ریکھا کے چھوٹے بہنوئی کا کردار کرنے والے سلمان خان کو بالی ووڈ پر راج کرتے ہوئے 36 برس ہونے والے ہیں۔

اپنی دوسری فلم ’میں نے پیار کیا‘ میں سلمان خان نے مرکزی کردار نبھایا اور خوب شہرت سمیٹی تھی، اس سُپر ہٹ فلم میں بھاگیہ شری، موہنیش بہل، آلوک ناتھ اور ریما لاگو نے بھی اداکاری کی تھی۔

سلمان خان نے فلم ’میں نے پیار کیا‘ کے بعد پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھا اور کامیاب فلموں کی ایک لمبی فہرست بنا دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔