دورۂ انگلینڈ قومی انڈر 17ٹیم کی باگ دوڑ عمران رفیق کے سپرد

گرین شرٹس میزبان سائیڈ کیخلاف 3 ون ڈے میچز کے بعد واحد سہ روزہ میچ بھی کھیلیں گے


Sports Reporter July 12, 2014
باسط علی کی سربراہی میں جونیئرسلیکشن کمیٹی نے ملک بھر میں ہونے والی قومی جونیئر چیمپئن شپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے دورئہ انگلینڈ کیلیے قومی انڈر17 ٹیم کا اعلان کر دیا۔

باگ ڈور عمران رفیق کو سونپی گئی ہے جبکہ حسن خان نائب کپتان کے فرائض انجام دینگے، گرین شرٹس میزبان ٹیم کیخلاف 3ون ڈے میچز کی سیریز کے علاوہ واحد 3 روزہ میچ کھیلیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نجم سیٹھی نے چوتھی بار پاکستان کرکٹ بورڈ کی باگ ڈور سنبھال لی ، انھوں نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے پی سی بی کی جونیئر سلیکشن کمیٹی کی طرف سے آئندہ ماہ شیڈول دورئہ انگلینڈ کیلیے بجھوائی گئی قومی انڈر17 ٹیم کی منظوری دیدی ہے۔

یاد رہے کہ باسط علی کی سربراہی میں جونیئرسلیکشن کمیٹی نے ملک بھر میں ہونے والی قومی جونیئر چیمپئن شپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے پلیئرز کو کیمپ کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں طلب کیا جہاں ان کی فٹنس اور پرفارمنس کا جائزہ لینے کیساتھ ٹرائل میچز میں صلاحیتوں کو پرکھنے کے بعد حتمی ٹیم کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب ٹیم میں 15کھلاڑیوں کے ساتھ5 ریزرو پلیئرز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

عمران رفیق قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ حسن خان نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے، دیگر کھلاڑیوں میں گوہر حفیظ، ذیشان ملک، محمد عمیر، سید مزمل شاہ، عماد عالم، احمد سلطان، ہدایت اللہ ( وکٹ کیپر)، فراز خان، محمد سلطان، محمد عمر، سمین گل، اکرام اللہ نیازی، عاقب خان جبکہ 5 ریزرو کھلاڑیوں میں محمد عمر، منیب الرحمن، رائو عرفان، محمد سلیم اور ابتسام شامل ہیں۔ یاد رہے کہ قومی انڈر 17 ٹیم انگلینڈ کے دورے کے دوران میزبان سائیڈ کے خلاف 3ون ڈے میچز کی سیریز کے علاوہ واحد 3 روزہ میچ میں بھی حصہ لے گی۔

سیریز سے قبل مہمان ٹیم کا انوی ٹیشنل الیون کے ساتھ 50 اوورز پر مشتمل وارم اپ میچ بھی رکھا گیا ہے جو 12 اگست کو لوگبورف یونیورسٹی میں شیڈول ہے، پہلا ایک روزہ میچ 15 اگست کو اسی مقام پر کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیمیں سیریز کے دوسرے میچ میں 17 اگست کو ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 19 اگست کو طے کیاگیا ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3روزہ میچ 22 تا 24 اگست کو لوگ بورف یونیورسٹی میں ہی کھیلا جائے گا۔میزبان ٹیم کے خلاف سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم 25 اگست کو وطن واپس لوٹے گی۔