دولت مشترکہ گیمز پاکستان 8 کھیلوں میں قسمت آزمائے گا

62 رکنی دستہ آج گلاسگوروانہ ہو گا،ایتھلیٹس بیڈمنٹن، باکسنگ، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں حصہ لیں گے


Sports Reporter July 21, 2014
62 رکنی دستہ آج گلاسگوروانہ ہو گا،ایتھلیٹس بیڈمنٹن، باکسنگ، جمناسٹک، شوٹنگ، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں حصہ لیں گے۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور سید ریاض حسین پیرزادہ کی سربراہی میں62 رکنی قومی دستہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلیے پیر کو اسلام آباد سے گلاسگو کیلیے روانہ ہوگا۔

گرین شرٹس 8 ایونٹس بیڈمنٹن، باکسنگ، جمناسٹک، شوٹنگ، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں قسمت آزمائیں گے، داخلی تنازعات اور ادھوری تیاریوں کیساتھ جانے والے کھلاڑیوں سے میڈلز کی امید نہیں کی جاسکتی، صرف ریسلرز سے قابل قدر کارکردگی کی توقعات وابستہ ہونگی۔ تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلیے 62رکنی قومی دستہ پیر کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گلاسگو کیلیے روانہ ہوگا، پاکستان کے کھلاڑی 8 ایونٹس بیڈمنٹن، باکسنگ، جمناسٹک، شوٹنگ، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں شریک ہونگے۔

میگا ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کیلیے منتخب کیے جانے والے بیڈمنٹن کھلاڑیوں میںمحمد عرفان، پلوشہ بشیر، محمد امجد (ٹیم منیجر)، باکسنگ میں عامر خان، محمد وسیم، علی احمد، محب اللہ، حسن آصف اور نادر،(ٹیم آفیشلز) محمد طارق اور علی بخش، جمناسٹک میں غلام قادر اور محمد عقیل، پائندہ ارمغان( ٹیم آفیشل) ، شوٹنگ میں مہوش فرحان، محمد شہزاد، یاسر یاسین، تعظیم اختر، عثمان چاند، عزیز احمد، ذیشان، کرامت الرحمن اور راضی احمد( ٹیم آفیشلز)، سوئمنگ میں بسمہ خان، اسرار حسین، کرن خان، نثار احمد، سکندر خان، انعم بانڈے، حارث بانڈے، لیانا کیتھرین،عریبہ شیخ، ٹیم آفیشلز میں وینا سلمان اور محمد آصف شامل ہیں۔

ٹیبل ٹینس میں عبیرہ علی، فروا بابر، محمد رمیز، عمیر طارق، ریسلنگ میں اظہر حسین، قمر عباس، انعام، سلمان بٹ، عبدالوہاب، محمد زمان، ٹیم آفیشلز میں چوہدری محمد اصغر اور محمد انور جبکہ ویٹ لفٹنگ میں ابوسفیان، حیدر علی، ہارون شوکت، محمد حبیب، محمد شہزاد اورعثمان امجد، عرفان بٹ جبکہ امجد امین اور محمد الیاس ٹیم آفیشلز میں شامل ہیں۔ وفد میں پاکستان اسپورٹس بورڈ اور وزارت آئی پی سی کے 6 عہدیدار محمد شفیق (جنرل ٹیم منیجر)، محمد جہانگیر (ایڈمنسٹریٹو پرسنل)، اعظم ڈار (ایڈمنسٹریٹو پرسنل، وقار احمد (میڈیکل آفیشل) اور چوہدری فیصل نور(آبزرور) شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی دستے کے چیف ڈی مشن وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ سید ریاض حسین پیرزادہ ہونگے، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرا ڈپٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ یاد رہے کہ دولت مشترکہ گیمز 23 جولائی سے 3اگست تک اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہوں گے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ابتدائی مرحلے میں 83رکنی دستے کا انتخاب کیا تھا لیکن بعد ازاں اسے کم کر کے 62تک محدود کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ اب تک پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طور پر 24 طلائی تمغے حاصل کیے ہیں جن میں سے صرف 4دیگر ایتھلیٹس نے جیتے جبکہ 20 ریسلرز نے اپنے نام کیے، اس بار بھی داخلی تنازعات کی وجہ سے سلیکشن میں تاخیر یا میرٹ نظر انداز کیے جانے کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں، ادھوری تیاریوں کیساتھ جانے والے کھلاڑیوں سے کسی غیر معمولی کارکردگی یا میڈلز کی امید نہیں کی جاسکتی، صرف ریسلرز سے قابل قدر کارکردگی کی توقعات وابستہ ہونگی، تاہم چند پلیئرز اور آفیشلز کوسیرسپاٹے کا موقع ضرور ہاتھ آجائیگا۔