راولپنڈی: 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بد ترین تشدد، تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

مالکان میاں بیوی کو حراست میں لے لیا گیا، بچی کو اسپتال لانے والی خاتون سے بھی تفتیش جاری ہے، پولیس


صالح مغل February 11, 2025

راولپنڈی کےتھانہ بنی کے علاقے میں کم سن 12 سالہ گھریلو ملازمہ پر بد ترین تشدد کیا گیا، بچی  تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق تشدد کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی  نے نوٹس لے کر  ایس پی راول سے رپورٹ طلب کی اور  ڈی ایس پی وارث خان کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ 

واقعہ کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث میاں بیوی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق تشدد کا واقعہ 4/5 روز قبل پیش آیا جبکہ بچی کو آج ہسپتال لایا گیا، متاثرہ بچی کی حالت تشویشناک ہے جس کا علاج جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مدرسے کے اساتذہ کی 9 سالہ بچے سے بدفعلی؛ ڈرِل مشین چلا کر ڈراتے رہے

متاثرہ کے والد کی وفات ہو چکی ہے، واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا جائے گا،  سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق بچوں پر تشدد کسی صورت قابل برداشت نہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے، معصوم بچی پر تشدد میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق بچی گارمنٹس کی شاپ پر ملازمت کرنے والے راشد شفیق نامی شخص کے گھر کام کرتی تھی، مبینہ تشدد سے بچی کے سر، ٹخنوں، ٹانگوں اور بازوں پر تشدد کے نشانات  ہیں، بچی کے والد ایک ماہ قبل فوت ہوئے، والدہ عدت میں ہے۔

پولیس  کے مطابق بچی کی حالت غیر دیکھ کر سپارہ پڑھانے والی خاتون بچی کو لیکر ہسپتال پہنچی، بچی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، مالکان میاں بیوی کو حراست میں لیکر بچی جو ہسپتال لانے والی خاتون سے بھی پوچھ جاری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں