ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے پاکستان میں 3 ایئر بیسز پر میزائل داغے ہیں، تاہم پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے ان میزائل حملوں کو ناکام بنا دیا اور پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے رات گئے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے طیاروں سے نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ ایئر بیس کو نشانہ بنایا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنےوالے میزائل داغے ہیں۔ پاکستان کے پاس میزائل حملوں کے الیکٹرونک شواہد موجود ہیں۔ تاہم حملوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کے ان اقدامات کو "پاگل پن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان پر بھی بھارت نے میزائل داغے ہیں، بھارت پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے افغانسان پر بھی میزائل داغے ہیں اور افغانستان میں ڈرون حملہ بھی کیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بھارت ہمارے جواب کا انتظار کرو۔
اس سے قبل ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے اپنے ہی ملک کے اندر چھ بیلسٹک میزائل داغے ہیں جن میں سے پانچ میزائل بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر اور ایک آدم پور کے علاقے میں گرا ہے۔ ان میزائل حملوں کا نشانہ بھارت میں آباد سکھ برادری کی بستیاں بنیں جس پر پاک فوج کے ترجمان نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے رات گئے ہنگامی پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت کی اندرونی سازشوں کا نشانہ اقلیتی برادریاں بن رہی ہیں اور خاص طور پر سکھ برادری کو ظلم و جبر کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں سکھ برادری کے ساتھ ہیں اور ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارت کے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی عبادت گاہ پر 6 ڈرونز حملے ناکام بنائے، ترجمان پاک فوج
ترجمان پاک فوج نے جمعہ کے روز بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بھی بتایا تھا کہ کہ بھارت نے ننکانہ صاحب میں سکھوں کی مقدس عبادت گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق بھارت نے چھ ڈرونز کے ذریعے ننکانہ صاحب پر حملہ کرنے کی کوشش کی جسے پاکستانی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں کو کھلے عام قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور اقلیتوں کو شدید دباؤ کا سامنا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت نہ صرف پاکستان بلکہ امریکا، کینیڈا اور دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں دہشت گردوں کو حملوں کے لیے بھارت سے ہدایات دی جاتی ہیں اور بھارتی فوج کے اہلکار دہشت گردوں کو براہِ راست ٹاسک دیتے ہیں۔
پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے کا اپنے علاقوں خاص طور پر بھارتی پنجاب میں میزائل فائر کرنے کے الیکٹرونک شواہد بھی موجود ہیں۔ بھارت کے اس اقدام کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا اور بین الاقوامی سطح پر مزید جارحیت کا جواز پیدا کرنا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی 7 اور 8 مئی کی درمیانی رات بھارت نے امرتسر پر تین بیلسٹک میزائل داغے تھے، جس کا ذکر ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں بھی کیا تھا۔