اوکاڑہ میں پولیس مقابلہ، بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ ہلاک

پولیس نے موقع سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فون اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے


ویب ڈیسک May 17, 2025

اوکاڑہ کے علاقے تھانہ شاہبور کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گیا جس کی شناخت ذوالقرنین عرف زنو کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والا ڈاکو بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ تھا اور اس کے خلاف ڈکیتی اور راہزنی کے 22 سنگین مقدمات درج تھے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ شاہبور کے نواحی علاقے 33 فور ایل پل پر تین ڈاکو شہری ناصر سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او شاہبور ظفر مہار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا۔

پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا 37 فور ایل پل کے قریب ہوا جہاں ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو ذوالقرنین عرف زنو لاہور، گوجرانوالہ، وہاڑی، ساہیوال اور اوکاڑہ کے مختلف تھانوں کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور تھانہ بہادر شاہ ضلع ساہیوال کے ایک ڈکیتی کیس میں اشتہاری بھی نکلا۔ پولیس نے موقع سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فون اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

مقبول خبریں