پشاور:
دہشتگردوں کے درجنوں منصوبے ناکام بنانے والے کے پی پولیس کے دو سراغ رساں کتے ریٹائرڈ ہوگئے۔
اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے دس سال بعد اسپیشل یونٹ سے جدا ہوگئے، دونوں بی ڈی یو خیبرپختونخوا کے اس یونٹ کا حصہ تھے جو وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ، گورنر، اور اعلیٰ سکیورٹی حکام کی سکیورٹی کلیئرنس سے لیکر قبائلی اضلاع میں بموں کو ناکارہ بنانے کے لئے خدمات سر انجام دیتا ہے، برٹش ڈاگز کو ریٹائرمنٹ کے بعد گود لینے والوں کی لائنیں لگ گئیں، پولیس کا ہتھیار کہلانے والے ڈیٹکیٹو ڈاگز مزید سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کا حصہ نہیں بنیں گے۔
اس حوالے سے کے پی کے نائن یونٹ کے ڈاریکٹر عادل ابدال نے ایکسپریس کو بتایا کہ دونوں سراغ رساں کتوں کا سکیورٹی آپریشنز میں اہم کردار ہوتا تھا، دو بڑی آئی ڈیز جن سے تباہی ہو سکتی تھی وہ بھی انہوں نے ناکارہ بنانے میں مدد دی، روٹس کلئیرنس کے دوران مشتبہ درجنوں اشیا کے حوالے سے یونٹ کو باخبر رکھنے میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔
عادل ابدال نے بتایا کہ انکی مخصوص تربیت ہوتی ہے ٹریننگ کے بعد انکو کے نائن یونٹ کا حصہ بنایا جاتا ہے انکی عمر بڑھنے کی وجہ سے انکی ریٹائرمنٹ ہوگئی لیکن پھر بھی یہ کے پی پولیس کا اثاثہ ہی رہیں گے، پشاور پولیس کے ایک سنئیر آفیسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ پشاور میں محرم الحرام ہو، کوئی وی آئی پی وزٹ اس میں ان سراغ رساں کتوں کا ہمیشہ سے کلیدی کردار رہا ہے، یہ کسی بھی خطرے سے پہلے آگاہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔