بنگلہ دیش سے سیریز ڈیوائن براوو نے ویسٹ انڈیز کی باگ ڈور سنبھال لی

ہوم ون ڈے میچز کیلیے کرس گیل، کیرون پولارڈ اور روئچ کی بھی واپسی، سیموئلز اور اسمتھ ڈراپ


Sports Desk August 11, 2014
ہوم ون ڈے میچز کیلیے کرس گیل، کیرون پولارڈ اور روئچ کی بھی واپسی، سیموئلز اور اسمتھ ڈراپ۔ فوٹو: فائل

ڈیوائن براوو انجری سے نجات پانے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی قیادت کریں گے، وہ 20 اگست سے بنگلہ دیش کیخلاف ہوم ون ڈے سیریز میں میزبان ٹیم کی باگ ڈورسنبھال لیں گے۔

ان کے علاوہ اسٹار آل راؤنڈر کرس گیل،کیرون پولارڈ اورکیمار روئچ کی بھی محدود اوورزکے کیریبیئن اسکواڈ میں واپسی ممکن ہوگئی ہے، مارچ میں انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریزکھیلنے والے کیرون پاول، مارلون سیموئلز اور ڈیوائن اسمتھ سلیکٹرز کا اعتماد برقرار نہیں رکھ پائے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کیخلاف 20 اگست سے شروع ہونے والی ون ڈے ہوم سیریز کیلیے ویسٹ انڈین اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، نئے کنوینر آف سلیکشن پینل کلائیو لائیڈ نے ہوم سیریزکیلیے ٹیم منتخب کی ہے، جو ان کی بطور چیئرمین پہلی ذمے داری شمار ہوئی۔

ڈیوائن براوو نے کندھے کی انجری سے نجات حاصل کرلی، جو انھیں رواں برس آئی پی ایل کے افتتاحی میچ میں کنگز الیون پنجاب کیخلاف چنئی سپرکنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے پیش آئی تھی، جس کے بعد وہ بھارتی ایونٹ سے بھی باہر ہوگئے تھے، اسی انجری کے پیش نظر وہ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں بھی شریک نہیں ہوپائے، تاہم انھوں نے کیریبیئن پریمیئر لیگ کے ذریعے مسابقتی کرکٹ میں واپسی کی، وہ ایونٹ میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو ریڈ اسٹیل کی قیادت کررہے ہیں، اسی طرح کرس گیل بھی کمر کے زیریں حصے میں تکلیف کے سبب نیوزی لینڈکیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریزمیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہر نہیں کرپائے تھے۔

کیرون پولارڈ کو گھٹنے کی انجری درپیش تھی جبکہ روئچ نے بھی کندھے کی انجری سے نجات حاصل کرلی ہے، کیویز کیخلاف خراب پرفارمنس نے کیرون پاول اور مارلون سیموئلزکوٹیم سے باہرکیے رکھا، ویسٹ انڈین اسکواڈ میں شامل پلیئرز کے نام یہ ہیں۔ڈیوائن براوو(کپتان) ، ڈیرن براوو،کرک ایڈورڈز،کرس گیل، جیسن ہولڈر، نکیٹا ملر، سنیل نارائن، کیرون پولارڈ، دنیش رامدین، روی رامپال،کیمار روئچ، ڈیرن سیمی اور لینڈل سیمنز۔