ڈی آئی خان:
بنوں میں تھانہ احمد زئی پر نا معلوم افراد نے حملہ کردیا، فائرنگ سے ایڈیشنل ایس ایچ او زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق زخمی ایس ایچ او حسن الماب خلیفہ گل نواز کو اسپتال منتقل کردیا گیا، حملے کے جواب میں پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔
اطلاعات ہیں کہ تھانے پر حملہ کرنے والے ملزمان اور پولیس دونوں کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر جاری رہا۔
دریں اثنا خیبر میں تھانہ باڑہ کے حدود میں سید کریم پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم سے حملہ ہوا۔
ایس ایچ او ہردم گل کے مطابق دستی بم چیک پوسٹ کے اندر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے چیک پوسٹ کو جزوی نقصان پہنچا تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے، حملے کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے۔