جاپان 7.6 شدت کے زلزلے سے لرز اُٹھا؛ سونامی وارننگ جاری؛ ہلاکتوں کا خدشہ

جاپان دنیا کے سب سے زیادہ زلزلے سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے


ویب ڈیسک December 08, 2025
جاپان دنیا کے سب سے زیادہ زلزلے سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے

جاپان کے شمال مشرقی ساحل پر آنے والے 7.6 شدت کے خطرناک زلزلے سے عمارتیں لرز اُٹھیں اور سمندر میں دیو ہیکل لہریں پیدا ہوگئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلہ آوموری کے مشرقی ساحل پر آیا جس نے پورے شمال مشرقی خطے کو ہلا کر رکھ دیا۔

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.6 ریکارڈ کی گئی جس کی گہرائی زمین کے اندر 50 کلومیٹر تک تھی اور اس کا مرکز آوموری کے ساحل پر تھا۔

زلزلے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے اعلان کے محض 10 منٹ کے اندر اندر سونامی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

جاپانی میڈیا کا کہنا ہے کہ میونسپل اداروں کو ریڈ الرٹ کردیا گیا جب کہ ساحلی آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

جاپانی حکام کے مطابق ممکنہ لہریں 3 میٹر تک بلند ہو سکتی ہیں۔ ابھی تک جانی نقصان کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی تاہم ایٹمی تنصیبات اور دیگر صنعتی مراکز میں ممکنہ تکنیکی خرابیوں کی جانچ جاری ہے۔

یاد رہے کہ یہ ایک ماہ میں دوسرا بڑا زلزلہ ہے۔ گزشتہ ماہ شمالی پیسیفک خطے میں 6.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے بعد سونامی ایڈوائزری جاری کی گئی تھی۔

 

جاپان دنیا کے سب سے زیادہ زلزلے سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ جہاں کئی بڑے اور تباہ کن زلزلے آ چکے ہیں جنھوں نے عالمی تاریخ پر گہرے نقوش چھوڑے۔

سنہ 2011 کو توہوکو کے مقام پر 9.0 شدت کے زلزلے اور سونامی کو جاپان کی تاریخ کا سب سے طاقتور زلزلہ کہا جاتا ہے۔

جس میں ہلاک اور لاپتا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی کیوں کہ اس زلزلے سے ہی فُکوشیما نیوکلیئر سانحہ ہوا تھا۔

اسی طرح 1995 میں کوبے کے علاقے میں 6.9 کے زلزلے میں 6 ہزار ہلاکتیں ہوئی تھیں اور 2004 کے نیگاٹا زلزلے میں بھی جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔

 

مقبول خبریں