کراچی:
شہر قائد میں شادی کی ایک تقریب میں شدید فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں شادی کی ایک تقریب میں شدید فائرنگ کی گئی۔ اس حوالے سے عینی شاہدین نے بتایا کہ یہ کسی الیکشن کی کامیابی نہیں بلکہ ابراہیم حیدری میں شادی کی تقریب میں گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔
عینی شاہد کے مطابق رحمان شاہ اور ان کے ساتھی کھلے عام اسلحہ لہرا کر ہوائی فائرنگ کرتے رہے ۔ وائرل ویڈیو میں معصوم بچوں کو زمین سے گولیوں کے خول چنتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: شہر میں اسلحے کے بے دریغ استعمال نے 8 سالہ بچے کی جان لے لی
فائرنگ کرنے والوں کا یہ عمل کسی کی بھی جان لینے کا سبب بن سکتا ہے۔ عینی شاہد نے بتایا کہ یہ کھلی دہشت گردی ہے اور علاقے کے امن سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے باوجود پولیس یا انتطامی کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے افراد بااثر ہیں اور سب کو علاقہ پولیس جانتی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ کرنے والوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جائے۔