نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے سیکٹر الیون جی عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب کچرا کنڈی سے چادر سے لپٹی ہوئی 25 سالہ لڑکی کی تشدد زدہ لاش ملی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نیوکراچی صنعتی ایریامیں کچرا کنڈی سے لڑکی کی تشدد زدہ لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے اور مقتولہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
ایس ایچ او نیو کراچی صنعتی ایریا افتخار آرائیں نے بتایا کہ فوری طور پر مقتولہ کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 25 سے 30 کے درمیان بتائی جاتی ہے جسے نامعلوم سفاک ملزم یا ملزمان نے کسی اور مقام پر بغدے یا کسی اور تیز دھار آلے سے چہرے اور سر پر وار کر کے قتل کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان لڑکی کی لاش چادر میں لپٹ کر کچرا کنڈی کے قریب پھینک فرار ہوگئے، جس کی فوری طور شناخت نہیں ہو سکی البتہ پولیس بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
پولیس نے ملزمان کا سراغ لگانے کیلیے جائے وقوعہ کے قریب نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہیں۔