کراچی:
شہر قائد کے مصروف ترین علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ٹیکنو سٹی کی عمارت کی بارہویں منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 2 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل اور ایک واٹر باؤزر استعمال کیا گیا۔ شدید کوششوں کے بعد آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔
فائر آفیسر ظفر خان نے بتایا کہ آگ ٹیکنو سٹی کی بارہویں منزل پر واقع ایک دفتر میں لگی تھی، تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بروقت کارروائی کے باعث عمارت کے دیگر حصے محفوظ رہے۔
آگ لگنے کے باعث کچھ دیر کے لیے علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی جبکہ عمارت میں موجود افراد کو احتیاطی تدابیر کے تحت باہر نکال لیا گیا۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔