کراچی میں مبینہ طور پر ڈکیتی مزاحمت پر 25 سالہ نوجوان قتل

پولیس کا واقعے کو فوری ڈکیتی مزاحمت قرار دینے سے انکار جبکہ ابتدائی پیغام میں واقعے کو ڈکیتی کا شاخسانہ بتایا گیا تھا


منور خان January 06, 2026
فوٹو: فائل

شہر قائد کے علاقے محمود آباد میں مبینہ طور پر ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہونے والا سیکیورٹی سپروائزر زخموں ی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محمود آباد کے علاقے اختر کالانی میں واقع کشمیر کالونی میں منگل کی علی الصبح  فائرنگ سے زخمی ہونے والا سیکیورٹی سپروائزر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جناح اسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا۔

 واقعے کے بعد کراچی پولیس کی جانب سے میسج جاری کیا گیا تھا کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے جس کی پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔

فائرنگ میں شدید زخمی ہونے والے 25 سالہ نوجوان عابد علی کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او محمود آباد اعجاز پٹھان نے بتایا کہ مقتول عابد علی سیکیورٹی سپر وائزر اور کالا پل کے قریب کا رہائشی تھا۔

انوہں نے بتایا کہ عابد کو ایک گولی عقب سے پسلی کے قریب لگی تھی تاہم فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے یا کوئی اور وجہ ہے، پولیس تمام پہلوؤں پر باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اعجاز پٹھان نے بتایا کہ کراچی پولیس آفس سے جاری میسج جس میں بتایا گیا تھا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا ہے اس میں بھی جلد بازی کا مظاہرہ کیا گیا ہے، پولیس اس بات کا بھی تعین کر رہی ہے کہ سیکیورٹی سپر وائزر اتنی صبح علاقے میں کیا کرنے آیا تھا جبکہ سیکیورٹی کمپنی سے بھی پولیس رابطے میں ہے اور جلد ہی فائرنگ کی نوعیت کا بھی تعین ہوجائیگا۔

مقبول خبریں