اسلام آباد انتظامیہ نے موٹرسائیکلوں کی بائیومیٹرک کے نام پر شہریوں کو خوار کرنا شروع کردیا۔
ای ٹیگ سینٹرز پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جب کہ روزے کے ساتھ شہری گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے شکوہ کیا کہ سفارشیوں کو پانچ منٹ میں ای ٹیگ لگا کر بھیجا جارہا ہے، شہریوں نے طنز کیا کہ حکمرانوں سے گزارش ہے ہمیں جوتے مارنے والوں کی تعداد بڑھائیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلز پر ایم ٹیگ لگوانے کے معاملے پر شہریوں کی سہولت کے لیے ڈی جی ایکسائز نے ایم ٹیگ سینٹرز کے اوقاتِ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے فیصلے کے تحت 26 نمبر ٹول پلازہ اور پھلگراں ٹول پلازہ پر 24 گھنٹے ایم ٹیگ لگوانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ شہری عمومی طور پر صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک ایم ٹیگ لگوا سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ایف نائن پارک اور پولیس چیک پوسٹ جی 14 میں صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک ایم ٹیگ کی سہولت میسر ہوگی جبکہ گلبرگ گرین، فیض آباد اور ملپور میں ایم ٹیگ سینٹرز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔
اسی طرح گندم گودام نزد تھانہ سبزی منڈی، دامن کوہ اور مری روڈ نزد ٹیولپ ہوٹل پر قائم مراکز بھی شام 5 بجے تک خدمات فراہم کریں گے۔
راوت ٹی کراس پر صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک نئے اوقاتِ کار نافذ ہوں گے، جبکہ نائنتھ ایونیو، مارگلہ ایونیو اور ایکسائز آفس میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ایم ٹیگ کی سہولت دستیاب ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔