وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تین ملکی دورے کے دوران پہلے مرحلے میں سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ جدہ پہنچے تو ایئرپورٹ پر نائب گورنر مکہ ریجن سعود بن مشعال بن عبدالعزیز، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی بھی جدہ پہنچے ہیں۔
جدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے دو طرفہ ملاقات ہوگی، ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف اس کے بعد قطر کا دورہ کریں گے اور 17 اپریل کو ترکی جائیں گے جہاں انطالیہ کانفرنس میں شریک ہوں گے۔