امریکا کے صدر ٹرمپ کے ایران کے خلاف سخت بیان کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ صدر ٹرمپ نے جنگ بندی سے قبل اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایک ہی رات میں ایران کی تہذیب کو تباہ کر سکتے ہیں، جس پر ایران کی جانب سے ردعمل سامنے آیا ہے۔
سویڈن میں قائم ایرانی سفارتخانے نے اس بیان کے جواب میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں ایران کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو نمایاں کیا گیا۔
ویڈیو میں خاص طور پر اصفہان میں واقع ایک قدیم مسجد دکھائی گئی، جو تقریباً 400 سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔
یہ مسجد اپنے منفرد فنِ تعمیر اور صوتی نظام کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس مسجد کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے اندر ایک مخصوص مقام پر کھڑے ہو کر اذان دی جائے یا بلند آواز میں گفتگو کی جائے تو اس کی بازگشت پورے ہال میں واضح طور پر سنائی دیتی ہے، حالانکہ اس زمانے میں لاؤڈ اسپیکر جیسی جدید سہولتیں موجود نہیں تھیں۔
ویڈیو میں ایک شخص کو کاغذی نوٹ سیدھا کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا، جس کی ہلکی سی آواز مسجد میں گونجتی محسوس ہوئی، جس سے اس تاریخی عمارت کی صوتی خوبیوں کو اجاگر کیا گیا۔
ایرانی سفارتخانے نے ایک اور ویڈیو بھی جاری کی جس میں پہلی صدی عیسوی میں تعمیر ہونے والے ایک قدیم گرجا گھر کو دکھایا گیا، تاکہ مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے تاریخی ورثے کو نمایاں کیا جا سکے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ویڈیوز دراصل دنیا کو یہ پیغام دینے کی کوشش ہیں کہ ایران نہ صرف ایک ملک ہے بلکہ ایک قدیم تہذیب اور ثقافتی ورثے کا حامل خطہ بھی ہے، جسے کسی بھی تنازع میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔