پاکستان ایک پاک اور حلال ملک جبکہ بھارت حرام ریاست ہے، گرپتونت سنگھ

سکھ فار جسٹس نے بھارت میں خالصتان ریفرنڈم ووٹر رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا، پریس کانفرنس


اسٹاف رپورٹر April 29, 2026
سکھ فار جسٹس کے سربراہ بیرون ملک سے کراچی پریس کلب میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے (تصویر : ایکسپریس)

کراچی:

سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فار جسٹس کے جنرل سیکریٹری گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک آرمی دنیا کی ایک طاقتور فوج ہے، پاکستان کی حکومت اور قوم قابل مبارکباد ہیں جن کی فوج کی قیادت فیلڈ مارشل عاصم منیر کے پاس ہے، پاک فوج نے بھارت کو تاریخ ساز شکست سے دوچار کیا۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں برطانیہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ خالصتان تحریک کا مقصد بھارتی پنجاب کو بھارت سے آزاد کرانا ہے، خالصتان تحریک بھارت کے گاؤں خان کوٹ سے شروع ہوئی، آزادی کی خوشبو اب امریکا کینیڈا تک پہنچ چکی ہے۔

سکھ فار جسٹس نے بھارت میں خالصتان ریفرنڈم ووٹر رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ گرپتونت سنگھ نے کہا کہ ہم نے خالصتان ڈیکلریشن ڈے کے موقع پر سکھ فار جسٹس کی پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کیا، خالصتان تحریک کو عالمی سطح پر مزید وسعت دیا جارہا ہے، خالصتان ریفرنڈم میں 18لاکھ سے زائد سکھ اپنا حق رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔پورے بھارت میں سکھ ووٹروں کی گوردواروں کے ذریعے رجسٹریشن مرحلہ وار شروع کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھ فار جسٹس نے پنجاب کو آزاد ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔خالصتان ریفرنڈم مہم پنجاب سے نکل کر عالمی تحریک بن چکی ہے۔ خالصتان ریفرنڈم رجسٹریشن دہلی، ہماچل پردیش اور ہریانہ سے شروع ہوگی۔خالصتان کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی۔خالصتان تحریک کے لیے بھارت میں ووٹر رجسٹریشن مہم تیز کردی ہے۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک زبردست انداز میں جاری ہے۔مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو بھارتی چنگل سے آزادی ضرور ملے گی، پاکستان ایک پاک اور حلال ملک ہے جبکہ بھارت ایک حرام ریاست ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم سکھ برادری کے تاجروں کو بھارت میں سرمایہ کاری روک دینی چاہیے، دنیا بھر کے سکھ تاجرو صنعتکاروں کو پاکستانی پنجاب میں سرمایہ کاری کو ترجیح دینا چاہیے۔

گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر مبارک باد کے مستحق ہیں، عاصم منیر نے بھارت کو عبرت ناک شکست سے دو چار کیا، پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ہوئے، آزادی کی ہوا امریکا سمیت دنیا بھر چل پڑی ہے اب بھارت میں بھی چلے گی، ہندوستان کے 9 ٹکڑے ہونگے سب سے پہلے پنجاب آزاد ہوگا ۔کشمیر میں بھی آزادی کی تحریک چل رہی وہ کامیاب ہوگی۔