زرعی پیداوار میں اضافہ اور فصلوں کو محفوظ بنانے کے لیے کیمیکل اسپرے کا استعمال اب عام ہو چکا ہے، مگر یہ سہولت بعض اوقات انسانی صحت کے لیے خطرہ بھی بن جاتی ہے۔
یہ کیمیکلز پھلوں اور سبزیوں کے اندر تک سرائیت کر جاتے ہیں اور اگر مناسب صفائی کے بغیر استعمال کیے جائیں تو کئی بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ان کیمیکلز کے اثرات سے مکمل طور پر بچنا تو ممکن نہیں، مگر احتیاطی تدابیر اختیار کر کے خطرات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ اسی حوالے سے ’’کلین ففٹین‘‘ کی فہرست سامنے آئی ہے، جس میں وہ پھل اور سبزیاں شامل ہیں جو نسبتاً کم متاثر ہوتی ہیں، جیسے انناس، مکئی، ایواکاڈو، کیلا اور پیاز۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کو استعمال سے پہلے نمک یا سرکے والے پانی میں 15 سے 20 منٹ تک بھگو کر رکھیں، پھر صاف پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔ اس کے علاوہ موسمی اور مقامی پیداوار کو ترجیح دینا بھی بہتر ہے۔
یہ سادہ اقدامات نہ صرف آپ کو بیماریوں سے بچا سکتے ہیں بلکہ آپ کی مجموعی صحت کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔