فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ سیاسی اور سفارتی پیچیدگیوں کے باوجود ایران نےامریکا میں آئندہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کھیلنے کی تصدیق کر دی ہے۔
وینکوور میں ہونے والے فیفا کانگریس کے دوران انفانٹینو نے کہا کہ ایران نہ صرف ورلڈ کپ میں حصہ لے گا بلکہ اپنے میچز امریکا میں ہی کھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال کا مقصد دنیا کو جوڑنا ہے اور اسی اصول کے تحت یہ فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا، تاہم ایران کی شرکت پر اس وقت سوالات اٹھے تھے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ایران نے اپنے میچز امریکا سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم فیفا نے اسے مسترد کر دیا۔
امریکی حکام نے بھی عندیہ دیا ہے کہ ایرانی کھلاڑیوں کو شرکت کی اجازت ہوگی، تاہم سیکیورٹی اور ویزا سے متعلق کچھ پابندیاں برقرار رہیں گی، خاص طور پر ایسے افراد کے لیے جن کے بعض اداروں سے تعلقات ہوں۔
دوسری جانب، ایران کی فیفا کانگریس میں عدم شرکت نے اس معاملے کی حساسیت کو مزید اجاگر کیا ہے جبکہ عالمی سطح پر یہ بحث جاری ہے کہ کھیل اور سیاست کو کس حد تک الگ رکھا جا سکتا ہے۔
ایران پہلے ہی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے اور یہ اس کی تاریخ میں ساتویں شرکت ہوگی، تاہم فیفا صدر کے اس تازہ بیان کے بعد ایران کی جانب سے تا حال کسی قسم کی تصدیق یا تردید سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔