تھلیان انٹرچینج کے قریب ایم ٹو موٹروے پر مہران کار اور مزدا کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ شدید نوعیت کا تھا جس میں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی جانب سے 3 گاڑیاں فوری طور پر موقع پر روانہ کی گئیں جن میں 2 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل شامل تھی۔ امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق حادثے میں 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جن کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد میں 27 سالہ فیضان اور 55 سالہ اشرف شامل ہیں، جن کے سروں پر شدید چوٹیں آئیں جو ان کی موت کا سبب بنیں۔
زخمی شخص کی شناخت 45 سالہ عابد حسین کے نام سے ہوئی ہے ۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں ۔