لاہور:
قومی پیغام امن کمیٹی کے زیر اہتمام لاہور میں ’’معرکۂ حق بنیان المرصوص‘‘ کے عنوان سے ایک اہم سیمینار منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے جید علما کرام نے شرکت کی اور قومی یکجہتی، دفاع وطن اور امت کے اتحاد پر زور دیا۔
سیمینار سے حافظ طاہر اشرفی، سید ریاض حسین نجفی، مولانا سید محمود غزنوی اور ڈاکٹر حسین اکبر سمیت دیگر علما نے خطاب کیا۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری امت متحد ہے اور پاکستان اسلام کا مضبوط قلعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور دشمن کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن قوتیں ہمیشہ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی سازشیں کرتی رہی ہیں، مگر قوم کے اتحاد اور اللہ کی مدد سے ہر بار ناکامی ان کا مقدر بنی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر اسے پسپا کیا گیا اور پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔
اس موقع پر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے رئیس سید ریاض حسین نجفی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے علما اور عوام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
مولانا سید محمود غزنوی نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ جارحیت کی کوشش کی تو پوری قوم متحد ہو کر اس کا بھرپور جواب دے گی۔
دیگر علما کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت میں مصروف ہیں جن کی بدولت عوام امن و سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے قوم کو ہر وقت چوکس رہنا ہوگا۔
سیمینار کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور اتحاد امت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔