یاسر حسین نے پاکستانی ڈراموں کے معیار میں کمی کی وجہ بھارت کو قرار دے دیا

افسوس پاکستانی انڈسٹری نے اپنے معیار کو نسبتاً کم معیاری رجحانات کے مطابق ڈھال لیا، یاسر حسین کا شکوہ


ویب ڈیسک May 05, 2026

اداکار، میزبان اور ہدایت کار یاسر حسین نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے بدلتے معیار پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی مارکیٹ کو مدنظر رکھ کر مواد بنانے سے پاکستانی ڈراموں کی اصل شناخت متاثر ہوئی۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یاسر حسین نے کہا کہ ماضی میں پاکستانی ڈرامے اپنی مضبوط کہانی، تہذیب اور معیار کے باعث عالمی سطح پر منفرد پہچان رکھتے تھے، مگر جب بھارت میں ان کی مقبولیت بڑھی تو کئی پروڈیوسرز نے بھارتی ناظرین کی پسند کے مطابق مواد تیار کرنا شروع کر دیا۔

ان کے مطابق بھارتی ناظرین پاکستانی ڈراموں کو ان کے اعلیٰ معیار کی وجہ سے پسند کرتے تھے، لیکن افسوس کہ پاکستانی انڈسٹری نے اپنے معیار کو بلند رکھنے کے بجائے خود کو نسبتاً کم معیاری رجحانات کے مطابق ڈھال لیا۔

یاسر حسین کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے، جہاں کچھ افراد نے ان کی رائے سے اتفاق کیا جبکہ کئی صارفین نے اسے مبالغہ قرار دیا۔