وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے مسلم لیگ ن علماء و مشائخ ونگ کے وفد نے ملاقات کی


ویب ڈیسک May 06, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے مسلم لیگ ن علماء و مشائخ ونگ کے وفد نے ملاقات کی۔

صدر علماء و مشائخ ونگ ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کی قیادت میں جنرل سیکرٹری حافظ محمد امجد، صاحبزادہ محمد آصف سیال، احسان الحق صدیقی، طیب شاہ قادری، آصف معصومی، حافظ ایوب اعوان، سید عرفان گیلانی، مولانا اسلم ندیم، حافظ رضوان عابد، میر عمران رؤف نے شرکت کی۔

اسپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن، ڈی سی او سینٹر آف ایکسیلینس ڈاکٹر احمد خاور، ایڈیشنل سیکرٹری عبدالرؤف و دیگر ملاقات میں شریک، تھے۔

ملاقات میں امن و امان کی صورتحال اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، سیکرٹری داخلہ پنجاب، منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے عوامی آگاہی تحریک چلا رہے ہیں۔

آئمہ مساجد اور علماء کرام خطباتِ جمعہ میں عوام کو منشیات کی روک تھام کے حوالے سے پیغام دیں، سیکرٹری داخلہ، عیدالاضحیٰ پر کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ  صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے، حکومت پنجاب صوبے میں ہر بچے کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے لٹریسی پروگرام چلا رہی ہے، جیلوں میں موجود ناخواندہ افراد کو وزیراعلیٰ پنجاب لٹریسی پروگرام کے تحت تعلیم دے رہے ہیں۔

پُرتشدد انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے معاشرے کے دیگر طبقات کی طرح علماء کرام کا کلیدی کردار ہے، حکومت پنجاب نے آئمہ مساجد صاحبان کے لیے 21 ارب کی لاگت سے تاریخی منصوبہ شروع کیا، اب تک پنجاب بھر میں آئمہ مساجد صاحبان میں 6 ارب روپے بطور اعزازیہ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے آئمہ کرام کے لیے اعزازیہ پروگرام تاریخی منصوبہ ہے، ملکی ترقی کے لیے دینی مدارس میں بھی تعلیم کے معیار کو بلند کیا جا رہا ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ڈاکٹر مفتی انتخاب نوری نے کہا کہ  مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا، ملاقات کے اختتام پر وطن عزیز اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔