پاکستان کی درخواست پر “پروجیکٹ فریڈم” روکنے کے اعلان پر ٹرمپ کا شکر گزار ہوں، وزیر اعظم

پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر فراخدلانہ ردعمل علاقائی امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا


ویب ڈیسک May 06, 2026

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت اور آبنائے ہرمز میں “پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روکنے کے بروقت اعلان پر ان کا شکر گزار ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا پاکستان اور دیگر برادر ممالک، بالخصوص مملکتِ سعودی عرب اور میرے عزیز بھائی ولی عہد اور وزیر اعظم سعودی عرب، شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر فراخدلانہ ردعمل اس حساس دور میں علاقائی امن، استحکام اور مفاہمت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’پاکستان ان تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کے لیے پرعزم ہے جو تحمل اور مکالمے و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کو فروغ دیتی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں پختہ امید ہے کہ موجودہ پیش رفت ایک ایسے پائیدار معاہدے پر منتج ہوگی جو خطے اور اس سے آگے دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنائے گا۔