ٹیسٹ رینکنگ تنزلی کی ہوا نے مصباح کے قدم اکھاڑ دیے

خراب بیٹنگ نے آٹھویں سے دسویں نمبرپر پہنچادیا، یونس ٹاپ 10 سے باہر، جے وردنے نے کیریئر کا اختتام 15ویں نمبر پر کیا


Sports Desk August 20, 2014
بولرز میں سعید اجمل بھی زوال کا شکار، نویں درجے پر پہنچ گئے، رنگانا ہیراتھ کو 2 درجہ ترقی نے تیسری پوزیشن دلادی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

MULTAN: ٹیسٹ رینکنگ میں تنزلی کی ہوا نے پاکستانی کپتان مصباح الحق کے قدم اکھاڑ دیے، خراب کارکردگی کے باعث آٹھویں سے دسویں نمبر پر پہنچ گئے۔

یونس خان سری لنکا سے دوسرے ٹیسٹ میں ناکام رہنے کی وجہ سے ٹاپ 10 سے باہر ہوگئے، سرفراز احمد ایک ساتھ 29 درجے کی جست لگانے میں کامیاب رہے، مہیلا جے وردنے نے اپنے شاندار کیریئر کا اختتام 15ویں نمبر پر کیا، ٹاپ پر کمارسنگاکارا موجود ہیں۔ بولرز میں سعید اجمل بھی زوال کا شکار ہو کر نویں نمبر پر پہنچ گئے، عبدالرحمان بھی ایک درجہ خسارے کے بعد 17 ویں درجے پر براجمان ہوئے، رنگانا ہیراتھ کو پاکستانی بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیرنے کا صلہ مل گیا، وہ 2 درجہ ترقی پاکر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے، دنیا کے ٹاپ بولر کا اعزاز بدستور ڈیل اسٹین کو حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا سے2 ٹیسٹ کی سیریز میں کپتان مصباح الحق کی پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی جس کے براہ راست اثرات ان کی رینکنگ پر پڑ رہے ہیں، وہ اب 2 درجے مزید تنزلی کا شکار ہوکر دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ ٹین بیٹسمینوں میں شامل وہ واحد پاکستانی رہ گئے، سری لنکا کیخلاف گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے بعد یونس خان بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپائے جس کی وجہ سے ایک درجے خسارے سے 11ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے اس سیریز میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین ففٹیز اور ایک سنچری اسکور کی، اس کی وجہ سے انھیں رینکنگ میں ایک ساتھ 29 درجے ترقی ملی، وہ اب 51 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اسد شفیق ایک درجہ بہتری کے ساتھ 25ویں نمبر پر براجمان ہوئے، اظہر علی کو تین درجے خسارے نے 27ویں نمبر پر پہنچا دیا، احمد شہزاد کی رینکنگ میں بھی 11 درجے بہتری آئی جس کی وجہ سے وہ اب 67واں نمبر سنبھال چکے ہیں۔

ٹاپ بیٹسمین کا اعزاز کمارسنگاکارا کے پاس ہے، بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی کی بدولت جوئے روٹ پہلی مرتبہ ٹاپ ٹین میں شامل ہوتے ہوئے نویں نمبر پر پہنچ چکے، کپتان الیسٹر کک21 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ سری لنکا کے انجیلو میتھیوز کیریئر بیسٹ تیسرے نمبر پر براجمان ہوگئے۔

بولرز میں سعید اجمل کو بھی تنزلی کا سامنا ہے، مزید ایک درجہ خسارے سے وہ نویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں، دوسرے ٹیسٹ میں انجرڈ ہونے والے جنید خان ایک درجہ بہتری سے 16 ویں نمبر پر آ گئے جبکہ عبدالرحمان ایک قدم نیچے آتے ہوئے 17ویں نمبر پر پہنچے، ٹاپ پر ڈیل اسٹین کی حکمرانی برقرار ہے، ریان ہیرس دوسرے نمبر پر ہیں، کولمبو ٹیسٹ میں 14 وکٹیں لینے والے ہیراتھ 2 درجہ بہتری کے ساتھ تیسرے درجے پر آگئے، وہاب ریاض کی 55ویں نمبر سے دوبارہ رینکنگ میں واپسی ہوئی۔آل رائونڈرز رینکنگ میں ٹاپ پر بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ہیں۔