آبنائے ہرمز کی اہمیت ایٹم بم جتنی طاقت رکھنے کے برابر ہے؛ ایران

آبنائے ہرمز پر کنٹرول سے عالمی تیل منڈیوں، توانائی کی ترسیل اور بین الاقوامی تجارت کو متاثر کیا جاسکتا ہے


ویب ڈیسک May 09, 2026

ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر سابق نائب صدر محمد مخبر نے کہا ہے کہ ملک کے لیے آبنائے ہرمز کی اسٹریٹجک اہمیت ایٹم بم جیسی طاقت کے برابر ہے جس سے کسی قیمت دستبردار نہیں ہوں گے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ویڈیو بیان میں محمد مخبر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کی جغرافیائی حیثیت ایران کے لیے دفاعی نوعیت کی حامل ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ جغرافیائی برتری ایران کی اصل طاقت بن چکی ہے جسے دنیا نظر انداز نہیں کرسکتی۔ آبنائے ہرمز دنیا کی معیشت پر اثر انداز ہونے والا حساس ترین مقام ہے۔

محمد مخبر نے اعتراف کیا کہ ایران نے کئی دہائیوں تک اپنی اس جغرافیائی برتری سے مکمل فائدہ نہیں اٹھایا لیکن اسرائیل امریکا کی مسلط کی گئی حالیہ جنگ نے ایسا کرنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر کنٹرول ایسی طاقت ہے جس کے ذریعے ایک فیصلہ عالمی تیل منڈیوں، توانائی کی ترسیل اور بین الاقوامی تجارت کو متاثر کرسکتا ہے۔

محمد مخبر نے مزید کہا کہ ایران اب آبنائے ہرمز کے نظام میں تبدیلی لانے کی کوشش کرے گا چاہے یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں ہو یا یکطرفہ طور پر کیا جائے۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں سمندر کے ذریعے منتقل ہونے والے خام تیل کا تقریباً ایک تہائی حصہ آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے جسے ایران نے 28 فروری سے بند کر رکھا ہے۔

فروری کے آخری روز اسرائیل اور امریکی حملے میں آیت اللہ خامنہ ای پوری عسکری قیادت سمیت شہید ہوگئے تھے جس کے جواب میں آبنائے ہرمز بند کردی گئی تھی۔