ون ڈے ویمن انٹرنیشنل؛ پاکستان نے زمبابوے کو وائٹ واش کر کے سیریز  جیت لی

 ٹیم مینٹور اور ہیڈ کوچ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فتح مسلح افواج کے نام کر دی



پاکستان نے زمبابوے کو تیسرے میچ میں 9وکٹوں  سے شکست دے کر وائٹ واش کرتے ہوئےون ڈے ویمن انٹرنیشنل سیریز   0-3 سے جیت لی، پاکستان نے سیریز کے تینوں میچز جیت کر ٹرافی  کے ساتھ آئی سی سی ون ڈے ویمن انٹرنیشنل چیمپین شپ کے 6قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔گل فیروزہ اور صدف شمس نے بھارتی ریکارڈ توڑ ڈالا،دونوں اوپنرز نے باہمی سیریز میں مسلسل 3 میچز میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 571 رنز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا،گل فیروزہ نے مسلسل دوسرے میچ میں سینچری اسکور کی۔پاکستان نے زمبابوے کے 9 وکٹوں پر 222 رنز کے جواب میں 31.5اوورز میں ایک وکٹ کھوکرہدف حاصل کر لیا،پاکستان نے پہلا ون ڈے 168 اور دوسرا ون ڈے 206 رنز سے جیتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی پر کھیلے جانے والے تیسرے ویمن  ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ہفتہ کو زمبابوے نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کا نقصان پر 222 رنز جوڑے، بیلوفڈ بیزا نے 73 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی جبکہ کیلس نے 51، کپتان نومویلو سنانڈا نے 35 اور ایڈل نے 23 رنز بنائے،تسمیہ ارباب نے 49 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سیدہ عروب شاہ اور عائشہ ظفر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

 مومنہ ریاست کے حصے میں ایک وکٹ آئی،پاکستان نے اپنی اننگ کا ایک مرتبہ پھر شاندار  آغاز کیا،اوپنر گل فیروزہ اور صدف شمس نے پہلی وکٹ کے لیے 220 رنز کی عمدہ شراکت قائم  کی،31.3 اوور میں یہ شراکت صدف شمس کے آؤٹ ہونے پر ٹوٹ گئی،صدف شمس نے 98 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی اننگ کھیلی،2 گیندوں کے بعد ہی پاکستان نے اپنا ہدف حاصل کر لیا۔

 گل فیروزہ 92 گیندوں پر 16 چوکوں کی مدد سے 106 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں جبکہ منیبہ علی 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں،گل فیروزہ نے پاکستان کی جانب سے ویمن ون ڈے انٹرنیشنل میں 83 گیندوں پر تیز ترین سینچری کا ریکارڈ بھی قائم کیا، گل فیروزہ نے گزشتہ میچ میں 93 گیندوں پر سینچری جڑ کر سدرہ امین کی 102 گیندوں پر تیز ترین سینچری کا ریکارڈ توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پاکستان نے میچ میں دو تبدیلیاں کیں، کپتان فاطمہ ثنا اور سدررا امین کو آرام دے کر ان کی جگہ منیبہ علی اور نتالیہ پرویز کو پلیئنگ  الیون کا حصہ بنایا گیا،منیبہ علی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی۔

یاد رہے کہ پہلے ون ڈے میں گل فیروزہ نے 50، صدف شمس نے 98، دوسرے ون ڈے میں گل فیروزہ نے 100 اور صدف شمس نے 101 جبکہ تیسرے ون ڈے میں گل فیروزہ نے 106 اور صدف شمس نے 90 رنز بنائے،دونوں اوپنرز نے پہلے میچ میں 162، دوسرے میچ میں 189 اور تیسرے میچ میں 220 رنز کی شراکت قائم کی،گل فیروزہ نے پلیئر آف دی میچ  اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔

پاکستان آئی سی سی ویمن ون ڈے چیمپین شپ کی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر آگیا اور ٹیم مینٹور اور ہیڈ کوچ نے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فتح مسلح افواج کے نام کر دی۔