خیبرپختونخوا میں بدامنی، مہنگائی، کرپشن میں خطرناک اضافہ، عوام کی وزیراعلیٰ پر کڑی تنقید

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی صوبے کے مسائل چھوڑ کر اڈیالہ جیل کے چکر کاٹنے میں مصروف ہیں، شہری


ویب ڈیسک May 19, 2026
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا میں بدامنی، مہنگائی، بڑھتی کرپشن اور امن و امان کی بگڑتی صورت حال پر عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

خیبر پختونخوا کی عوام نے وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی اصل مسائل اور شہدا کی قربانیوں کو بھلا کر صرف احتجاجی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں۔

شہری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی  سیاسی جلسوں کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں اور انہیں صوبے میں امن و امان کی بہتری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مسائل چھوڑ کر اڈیالہ جیل کے چکر کاٹنے میں مصروف ہیں، ہر شخص اقتدار میں آکر اپنے مفادات حاصل کرتا ہے اور پھر چلا جاتا ہے،  عوام کی فکر کسی کو نہیں  ہے۔

شہری نے مزید کہا کہ بے لگام کرپشن نے مہنگائی کا ایسا طوفان کھڑا کر دیا ہے کہ غریب عوام عید پر قربانی کرنے سے بھی قاصر ہو گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے شہری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں تباہ ہوتے کاروبار اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔