انمول پنکی کے گاہکوں سے متعلق نئی ہوشربا تفصیلات سامنے آگئی

تفتیشی حکام تعلیمی اداروں میں منشیات کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے متحرک ہوگئے


عامر خان May 20, 2026

کراچی: کوکین کوئین انمول پنکی کے گاہکوں سے متعلق نئی ہوشربا تفصیلات سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق پنکی سے کوکین خریدنے والوں میں مبینہ طور پر مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم 16 سال سے 24 برس کی عمر کے طالب علم بھی شامل ہیں جو گولڈ کوکین نامی مہنگی مشیات استعمال کرتے تھے۔

طالب علم مبینہ طور پر مہنگے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بتائے جاتے ہیں، تفتیشی حکام طالب علموں کو نشہ کی لت میں لگانے والے کرداروں کو بے نقاب کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

تفتیشی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انمول عرف پنکی نے تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے کئی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات منشیات خریدنے والوں میں شامل ہیں، ان طالب علموں کو رائیڈرز کے ذریعہ کوکین سپلائی کی جاتی تھی، طالبات کو نشہ کی سپلائی خواتین نیٹ ورک کے ذریعے کی جاتی ہے۔

اس انکشاف کے بعد تفتیشی حکام تعلیمی اداروں میں منشیات کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔ انمول پنکی  کے موبائل میں شامل نمبرز اور اس سے جڑے افراد کا ڈیٹا چیک کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے نشاندہی کی جارہی ہے کہ کون سے تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات انمول پنکی سے کوکین خرید کر استعمال کرتے تھے۔ منشیات کی خریداری کے لیے رابطے، سپلائی اور لین دین کا طریقہ کار کیا تھا۔ تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے جس کی روشنی میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔