نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے) کراچی زون نے سول لائنز کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کال سینٹر میں امریکی شہریوں سے مبینہ طور پر فراڈ میں ملوث 33 افراد کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کےمطابق کراچی کے علاقے شفیع کورٹ میٹروپول ہوٹل کے قریب قائم کال سینٹر پر چھاپے کے دوران 33 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں کال سینٹر کے مبینہ مالکان سمیت کلوزرز، سپر ایجنٹس، فلور مینیجرز اور کالنگ ایجنٹس شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ کال سینٹرامریکی شہریوں سے فراڈ اور ان کے ذاتی ڈیٹا کے غیر قانونی استعمال میں ملوث تھا، کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر سامان قبضے میں لیا گیا۔
این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ضبط کیے گئے لیپ ٹاپس اور موبائل فونز کی ابتدائی جانچ کے دوران امریکی شہریوں کا ڈیٹا بھی برآمد ہوا ہے، ملزمان امریکی بینکوں کے نمائندے یا ایجنٹ بن کر شہریوں سے رابطہ کرتے اور ان کے بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ کارڈز سے رقم ہتھیانے کی کوشش کرتے تھے۔
مزید بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے اور برآمد شدہ ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ بھی کیا جائے گا، غیر قانونی اسکام کال سینٹرز اور سائبر فراڈ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، سائبر فراڈ میں ملوث عناصر سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔