عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملک کی سیاسی و مذہبی قیادت کی جانب سے قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد کے پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ اللہ تعالیٰ کی اطاعت، ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنتِ ابراہیمیؑ ہمیں ایمان، یقین اور فرمانبرداری کی راہ میں ہر قربانی دینے کا پیغام دیتی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ عید کی حقیقی خوشی اس وقت مکمل ہوتی ہے جب نادار اور ضرورت مند افراد کو خوشیوں میں شریک کیا جائے۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک میں امن، اتحاد اور ترقی کیلئے دعا بھی کی۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے اپنے پیغام میں صوبے بھر کے عوام اور امتِ مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید ہمیں قربانی، ایثار، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے ضرورت مند افراد کا خصوصی خیال رکھنے اور صفائی ستھرائی و ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
گورنر سندھ نے حج کی سعادت کے دوران پاکستان کی ترقی، استحکام اور افواجِ پاکستان کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید قربانی، ایثار اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے سرحدوں پر مامور افواجِ پاکستان کے جوانوں، صفائی آپریشن میں مصروف عملے اور شہداء کے خاندانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ محروم اور نادار طبقات کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا اصل پیغام ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے باغ ناران حیات آباد پشاور میں نماز عید ادا کی اور ملکی سلامتی، امن، ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے جبکہ صاحبِ حیثیت افراد مستحقین کو عید کی خوشیوں میں ضرور شریک کریں۔
وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ قربانی کے بعد صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ قربانی، ایثار، محبت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنتِ ابراہیمیؑ ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے ہر قربانی دینے کا پیغام دیتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور ضرورت مند افراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مقررہ مقامات پر رکھ کر صفائی عملے سے تعاون کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صفائی اور شہری سہولیات کیلئے مؤثر انتظامات کیے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید قربان حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ مسلمانوں کو اللہ کی رضا کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے، اتحاد و اخوت کو فروغ دینے اور امتِ مسلمہ کے اجتماعی شعور کو بیدار کرنے کا درس دیتی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے اہلِ کشمیر اور فلسطین خصوصاً غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی بھی کیا۔