راولپنڈی:
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں بارش سے جل تھل ایک اور موسم خوش گوار ہوگیا، تین گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش شمس آباد کے مقام پر 44 ملی میڑ ریکارڈ کی گئی جبکہ ٹی اینڈ ٹی چوک صدر کے قریب درخت سڑک پر گر گیا، نشیبی علاقوں کی شاہراؤں پر پانی جمع ہونے سے بھی ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔
راولپنڈی اسلام آباد میں صبع سویرے آسمان پر کالی گھٹائیں چھائی رہیں، ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور بھی توڑ دیا اور صبع 6 بجے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق تقریباً ساڑے تین گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش شمس آباد کے مقام پر 44 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سیدپور کے مقام پر 29، گولڑہ 13، بوکڑا 17، ایچ ایٹ 2 کے مقام پر 38 ملی میٹر، کچہری چکلالہ کے مقام پر 24 ملی میٹر اور پیر ودھائی کے مقام پر 19، گوالمنڈی کے مقام پر 35 اور کٹاریاں کے مقام پر 34 ملی میڑ بارش ریکارڈ کی گئی۔
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ موسمیات شہر کے نشیبی علاقوں سمیت نالہ لائی کی مانیٹرنگ میں مصروف رہے، کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 8 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 4.5 فٹ ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ صورتحال نارمل ہے، ستھرا پنجاب کی ٹیمیں سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی میں مصروف جبکہ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کی ہدایات پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے وارڈن ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا رہے ہیں۔
طوفانی بارش کے دوران ٹی اینڈ چوک صدر کے قریب درخت سڑک پر گر گیا جس کو ہٹائے جانے پر ٹریفک کو کلیئر کر دیا گیا۔ شہر و کینٹ کے نشیبی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام متاثر رہا اور ٹریفک سست روی کا شکار رہی۔