کراچی: مشکوک اور مبینہ جعلی این او سی پر کویت جانے کی کوشش کرنے والا سرکاری ملازم آف لوڈ

ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر نے انکشاف کیا کہ مذکورہ این او سی اس کے دوست نے فراہم کیا تھا


ویب ڈیسک June 09, 2026

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے مشکوک اور مبینہ جعلی این او سی پر کویت جانے کی کوشش کرنے والے ایک سرکاری ملازم کو آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر کی شناخت سریش سوامی کے نام سے ہوئی، جو پاکستانی پاسپورٹ اور کویت کے وزٹ ویزے پر سفر کر رہا تھا۔ امیگریشن جانچ کے دوران اس نے خود کو ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل (MAG) پاکستان میں تعینات جونیئر آڈیٹر ظاہر کیا اور بیرون ملک سفر کے لیے اپنے ادارے کا این او سی پیش کیا۔

ترجمان کے مطابق تفصیلی جانچ کے دوران پیش کردہ این او سی مشکوک پایا گیا، جبکہ اس کے مندرجات اور اجراء کی تفصیلات سے دستاویز کے جعلی ہونے کا شبہ پیدا ہوا۔

ابتدائی پوچھ گچھ میں مسافر نے انکشاف کیا کہ مذکورہ این او سی اسے اس کے دوست رئیس گل، ساکن کراچی، نے فراہم کیا تھا۔ مزید جانچ سے یہ بھی سامنے آیا کہ بطور سرکاری ملازم بیرون ملک سفر اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے محکمانہ اجازت لازمی تھی، تاہم مسافر اس حوالے سے کوئی تسلی بخش ثبوت پیش نہ کر سکا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مشکوک این او سی، اس کے حصول کے مشتبہ طریقہ کار اور سرکاری ضوابط کی بظاہر خلاف ورزی کے پیش نظر سریش سوامی کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ مزید تصدیق اور قانونی کارروائی کے لیے معاملہ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔