پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اور ورسٹائل اداکارہ صنم سعید نے سوشل میڈیا پر اپنی شکل و صورت اور حلیے پر ہونے والی تنقید کا بالآخر جواب دے دیا ہے۔
حال ہی میں صنم سعید نے عاصم یار کے شو اسٹار اینڈ اسٹائل سیزن 5 میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور سوشل میڈیا ٹرولنگ سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
شو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ انہیں کبھی سوشل میڈیا پر منفی تبصروں یا ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا ہے؟ صنم سعید نے کہا کہ خوش قسمتی سے انہیں اپنے کیریئر میں بہت کم منفی رویے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان کے مطابق بعض اوقات لوگوں کی جانب سے صرف ’کوجی’ یا ’کھوجی‘ جیسے الفاظ کہے گئے۔
میزبان نے وضاحت کی کہ ’کھوجی‘ کا مطلب جاسوس جبکہ ’کوجی‘ سے مراد روایتی خوبصورتی کے معیار پر پورا نہ اترنے والا چہرہ لیا جاتا ہے۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے صنم سعید نے نہایت اعتماد سے کہا کہ اگر انہیں صرف ’کوجی‘ کہا گیا ہے تو وہ اسے ٹرولنگ نہیں سمجھتیں، کیونکہ یہ دراصل ان کے خالق پر تبصرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’اللہ نے مجھے جیسا بنایا ہے، میں اسی پر مطمئن ہوں۔‘‘
عاصم یار نے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ پاکستان میں عموماً گورا رنگ اور مخصوص نقوش کو خوبصورتی کا معیار سمجھا جاتا ہے، جبکہ دنیا کے دیگر حصوں میں گندمی رنگت کو بھی خوب سراہا جاتا ہے۔ اس پر صنم سعید نے کہا کہ ان کا چہرہ کلاسیکی پاکستانی فیچرز رکھتا ہے اور اکثر لوگ ان کی ملاقات پر انہیں مختلف پاکستانی اداکاراؤں سے ملاتے ہیں۔