پاکستان میں محرم الحرام کا چاند کب نظر آئیگا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے کہا کہ نئے چاند کی پیدائش 15 جون کو صبح 7 بج کر54 منٹ پرہوگی


ویب ڈیسک June 11, 2026

محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ نئے چاند کی پیدائش 15 جون کو صبح 7 بج کر54 منٹ پرہوگی لہٰذا 15 جون کو ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 جون یعنی 29 ذوالحج کی شام چاند نظر نہیں آئےگا، 15 جون کو ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم صاف یا ہلکے بادل رہنے کی امید ہے جب کہ پنجاب میں رات 7 بج کر 59 منٹ پرچاند غروب ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں رات 8 بج کر 5 منٹ پرچاند غروب ہوگا، آزاد کشمیر میں رات 8 بج کر 7 منٹ تک چاند دیکھا جا سکتا ہے جب کہ گلگت بلتستان میں چاند غروب ہونے کا وقت رات 8 بج کر 12 منٹ ہے۔

اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں چاند رات 8 بج کر 23 منٹ پر چھپ جائے گا اور بلوچستان میں چاند سب سے آخر میں رات 8 بج کر 34 منٹ پر غروب ہوگا۔

قبل ازیں رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پاکستان میں محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیش گوئی کی تھی۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 15 جون 2026ء کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا۔ تاہم اسی روز غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے عموماً چاند کی عمر 18 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان وقفہ بھی رویت ہلال کے لیے اہم ہوتا ہے۔ 15 جون کی شام کراچی میں یہ فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ ہوگا، تاہم چاند کی کم عمر کے باعث رویت کے امکانات موجود نہیں ہوں گے۔

خالد اعجاز مفتی کے مطابق چاند کی عمر 18 گھنٹوں سے کم ہونے کی وجہ سے مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی 15 جون کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ، دوربین یا حتیٰ کہ ٹیلی سکوپ کے ذریعے بھی ممکن نہیں ہوگی۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026ء کو ہوگی۔ تاہم انہوں نے واضع کیا کہ نئے اسلامی سال کے آغاز یعنی محرم الحرام کے چاند کی رویت کا شرعی اور حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کونسل کرے گا۔