کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مبینہ سرغنہ کے بھائیوں کا تنظیم سے لاتعلقی کا اظہار

عوامی حقوق کی بات کرنا مناسب ہے، ان کے بقول جوائنٹ ایکشن کمیٹی ایسی راہ پر گامزن ہے جسکےنتائج انتہائی منفی ہوسکتے ہیں


ویب ڈیسک June 11, 2026

کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مبینہ سرغنہ سعد انصاری کے بھائیوں محسن انصاری اور احسن انصاری نے ویڈیو پیغام میں تنظیم سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے پرتشدد سرگرمیوں اور تصادم سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔

محسن انصاری نے کہا کہ عوامی حقوق کی بات کرنا مناسب ہے، تاہم ان کے بقول جوائنٹ ایکشن کمیٹی ایسی راہ پر گامزن ہے جس کے نتائج انتہائی منفی ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرتشدد کارروائیوں کے باعث جانی نقصان ہو رہا ہے اور عوام کو ایسی تحریک کا حصہ نہیں بننا چاہیے جو قتل و غارت اور بدامنی کو فروغ دے۔

ویڈیو پیغام میں احسن انصاری نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انتشار اور تشدد پھیلانے والی کسی بھی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ پرتشدد واقعات میں جان سے جانے والے سیکیورٹی اہلکار بھی ہمارے اپنے ہیں اور معاشرے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

بیانات میں دعویٰ کیا گیا کہ بعض عناصر آزاد کشمیر میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ مقررین نے عوام پر زور دیا کہ وہ اشتعال انگیز بیانیوں اور پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں اور امن و قانون کی پاسداری کو ترجیح دیں۔