ایف آئی اے کراچی سی پورٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بین الاقوامی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کا سراغ لگا کر 38 لاکھ روپے برآمد کر لیے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دورانِ معائنہ ایک بحری جہاز کے کپتان عبدالسلام کی مشکوک غیر موجودگی نوٹ کی گئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے ٹیم نے انہیں لانچ کے مالک منصور بلوچ کے حوالے 38 لاکھ روپے دیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ برآمد شدہ رقم کو مشتبہ آمدن قرار دے کر قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے برآمد موبائل فونز کی جانچ کے دوران بین الاقوامی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک سے متعلق اہم شواہد سامنے آئے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ 1,200 کارٹن ایرانی شراب کی اسمگلنگ سے حاصل ہونے والی آمدن کے تنازع کے بعد لانچ "العرفان" کو دبئی میں تقریباً 80 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا اور رقم مبینہ طور پر غیر قانونی ہنڈی حوالہ ذرائع کے ذریعے پاکستان منتقل کی گئی۔ تحقیقات کے مطابق غلام حسین نے ہنڈی حوالہ سہولت کار کے طور پر کردار ادا کیا، جبکہ ملزمان کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ گفتگو سے بھی مبینہ غیر قانونی لین دین کی تصدیق ہوئی۔
ایف آئی اے نے منصور بلوچ، کپتان عبدالسلام اور غلام حسین کو مقدمے میں نامزد کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان، برآمد شدہ رقم اور ڈیجیٹل شواہد مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل (CBC) کراچی کے حوالے کیے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مالیاتی جرائم، ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔