اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) نے مالی سال 26-2025 کی ادائیگیوں کے کلیمز جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 جون مقرر کر دی۔
اے جی پی آر اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق رواں مالی سال کے اختتام پر کلیمز جمع کرانے کی آخری تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، تمام ڈرائنگ اور ڈسبرسنگ آفیسرز کو حالیہ خریداریوں اور حاصل کردہ خدمات سے متعلق کلیمز 12 جون تک جمع کرانا ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پہلے سے جاری کردہ ٹوکن والے تمام غیر منظور شدہ دعووں اور بلوں کو دوبارہ جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی مقرر کردی گئی ہے، 12 جون 2026 تک جاری کردہ ٹوکنز پر تمام غیر منظور شدہ بلوں کو دوبارہ جمع کرانے کی تاریخ 15 جون ہوگی۔
مزید بتایا گیا کہ اے جی پی آر اسلام آباد اور ذیلی دفاتر کے زیر انتظام اسائنمنٹ اکاؤنٹس کے لیے ریلیز جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 جون نوٹیفائی کردی گئی ہے جبکہ 12 جون 2026 کے بعد اعزازیہ کا کوئی کلیم قبول نہیں کیا جائے گا۔
اے جی پی آر نے بتایا کہ آف سائیکل ادائیگیوں سے متعلق کمپیوٹر پر تبدیل شدہ اسٹیٹمنٹس صرف 11 جون تک قبول کی جائیں گی، آف سائیکل ادائیگیوں سے متعلق کمپیوٹر پر تبدیل شدہ اسٹیٹمنٹس پر کارروائی وقتی طور پر 16جون تک شیڈول کیا گیا ہے۔
اے جی پی آر نے تمام ڈی ڈی اوز کو ادائیگی اور لین دین میں تاخیر سے بچنے کے لیے کیسز بروقت جمع کروائے جانے کی ہدایت کی اور کہا کہ موجودہ مالی سال سے متعلق تنخواہ کے چیک رواں مالی سال کے اختتام پر زائد المعیاد ہو جائیں گے اور 30 جون 2026 کے بعد موجودہ مالی سال کے لیے کوئی متبادل چیک جاری نہیں کیا جائے گا۔
اس حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام متعلقہ دفاتر ادائیگیوں اور کلیمز سے متعلق مقررہ ڈیڈلائن پر سختی سے عمل کریں۔