راولپنڈی:
آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی یقینی بنانے اور اشیائے خورونوش و ضروریہ کی بلا تعطل ترسیل کے لیے آزاد جموں و کشمیر کو پنجاب سے ملانے والے 4 مقامات پر اضافی پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان پکٹس پر ضلعی انتظامیہ، راولپنڈی پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنایا جا سکے اور آمدورفت کو منظم رکھا جا سکے۔
حکام کے مطابق اضافی پکٹس آزاد جموں و کشمیر کو ضلع راولپنڈی اور مری سے ملانے والے اہم مقامات، جن میں دھان گلی، آزاد پتن اور کوٹلی ستیاں سمیت 4 مختلف پوائنٹس شامل ہیں، پر قائم کی گئی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے پکٹس پر ڈیوٹیاں مختلف شفٹوں میں لگائی گئی ہیں تاکہ 24 گھنٹے نگرانی اور سیکیورٹی کا عمل جاری رکھا جا سکے۔
ہدایات کے مطابق راولپنڈی سے آزاد کشمیر جانے والی اشیائے خورونوش اور ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں کو سیکیورٹی چیکنگ کے بعد سہولت کے ساتھ آزاد کشمیر روانہ کیا جائے گا تاکہ ضروری اشیا کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
حکام نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ دیگر گاڑیوں کی سیکیورٹی چیکنگ سخت رکھی جائے اور تمام نقل و حرکت کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔