بجٹ عوامی فلاح و بہبود کے اہداف حاصل کرنے میں معاون ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی ٹیم نے موجودہ معاشی حالات میں متوازن بجٹ پیش کیا ہے


ویب ڈیسک June 12, 2026
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی ٹیم نے ایک ایسا بجٹ مرتب کیا ہے جو معاشی استحکام، مالیاتی نظم وضبط، سرمایہ کاری کے فورغ اور عوامی فلاح و بہبود کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ کی کامیاب تیاری اور پیش کرنے پر اپنی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں ایک متوازن، عوام دوست اور ترقی پر مبنی بجٹ کی تیاری پوری ٹیم کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور باہمی تعاون کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ  بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد محمود لنگڑیال، وزارت خزانہ، ایف بی آر، پلاننگ ڈویژن اور متعلقہ اداروں کے افسران و ماہرین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ایک ایسا بجٹ مرتب کیا ہے جو معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پوری معاشی ٹیم اسی جذبے اورعزم کے ساتھ ملک کی اقتصادی ترقی اور خوش حالی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔