کراچی میں پولیس کی کارروائی، ایک کروڑ روپے مالیت کا بھارتی گٹکا برآمد

سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گودام پر چھاپہ مار کر 57 بورے اسمگل شدہ چھالیہ اور 219 بورے انڈین گٹکے کے برآمد کیے گئے



کراچی کے علاقے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں پولیس نے چھاپہ مار کر ایک کروڑ روپے مالیت کا مضر صحت بھارتی گٹکا اور چھالیہ برآمد کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سائٹ اے پولیس نے انڈسٹریل ایریا میں واقعے ایک گودام پر چھاپہ مار کر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اسمگل شدہ چھالیہ اور مضرِ صحت انڈین گٹکا برآمد  کر لیا۔

ابتدائی تخمیے کے مطابق برآمد شدہ چھالیہ اور گٹکا ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ہے۔ ترجمان ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق سائٹ اے پولیس نے مخبر کی اطلاع پر سائٹ انڈسٹریل ایریا میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مار کر 57 بورے اسمگل شدہ چھالیہ اور 219 بورے انڈین گٹکا سفینہ، آداب اور رجنی برامد کر لیا۔

برآمد شدہ چھالیہ اور گٹکے کی ابتدائی اندازاً مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد شدہ چھالیہ اور گٹکا ڈمپر میں کریش کے نیچے خفیہ طور پر چھپا کر گودام تک پہنچایا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ برآمد شدہ سامان کی گنتی، دستاویزی کارروائی اور دیگر قانونی مراحل جاری ہیں، برآمد شدہ مال کے مالکان اور اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث عناصر کی شناخت، تصدیق اور مقدمات کے اندراج کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اُدھر گڈاپ سٹی پولیس نے سپر ہائی وے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے چھالیہ و گٹکا ماوا سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے چھالیہ اور گٹکا ماوا سپلائی میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ملیر پولیس کے مطابق گرفتار ملزم شاہ لم خان آئل ڈرمز میں چھالیہ چھپا کر مختلف علاقوں میں منتقل کرتا تھا۔

کارروائی میں چھالیہ سے بھرے 4 آئل ڈرم جس میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے 90 کلو گرام سے زائد چھالیہ اور مضر صحت گٹکا ماوا برآمد کر کے قبضے میں لے لیا ہے۔

گرفتار ملزم کی 125 موٹرسائیکل جو وہ چھالیہ اور گٹکا ماوار کی ترسیل میں استعمال کرتا تھا اس کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔