رجب بٹ کے ساتھ وائرل متنازع ویڈیو کا اسکینڈل، فاطمہ خان نے بڑا اعتراف کرلیا

فاطمہ خان کے ساتھ رجب بٹ کے مبینہ تعلقات اور تنازع نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی


ویب ڈیسک June 13, 2026

پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ سے منسوب تنازع پر ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا شخصیت فاطمہ خان نے ایک چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں کے درمیان سامنے آنے والا تنازع دراصل پہلے سے طے شدہ تھا اور اس کا مقصد شہرت حاصل کرنا تھا۔

رجب بٹ، جو پاکستان کے مقبول ترین فیملی وی لاگرز میں شمار ہوتے ہیں، گزشتہ کچھ عرصے سے مختلف قانونی معاملات، ازدواجی تنازعات اور نجی زندگی سے متعلق خبروں کے باعث مسلسل خبروں میں رہے ہیں۔ ان پر شادی کے باوجود دیگر خواتین سے تعلقات کے الزامات بھی لگتے رہے، جنہیں بعض حلقے ان کی ازدواجی زندگی میں پیدا ہونے والی کشیدگی کی ایک وجہ قرار دیتے ہیں۔

اسی دوران فاطمہ خان کے ساتھ ان کے مبینہ تعلقات اور تنازع نے بھی سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔ اس وقت فاطمہ خان نے دعویٰ کیا تھا کہ رجب بٹ نے انہیں قیمتی گھڑیاں تحفے میں دی تھیں اور بیرونِ ملک سفروں پر بھی ساتھ لے گئے تھے، تاہم اب انہوں نے اپنے ہی سابقہ دعوؤں سے پیچھے ہٹتے ہوئے ایک نیا مؤقف اختیار کیا ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ خان نے کہا کہ لوگ اکثر کیمرے کے سامنے آنے والے افراد کی باتوں پر آسانی سے یقین کر لیتے ہیں، جبکہ حقیقت اس کے برعکس بھی ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بعض اوقات تخلیق کار جان بوجھ کر تنازعات پیدا کرتے ہیں تاکہ زیادہ توجہ اور شہرت حاصل کر سکیں۔

فاطمہ خان نے دعویٰ کیا کہ ان کا اور رجب بٹ کا تنازع بھی اسی حکمت عملی کا حصہ تھا۔ ان کے مطابق وہ خود شہرت حاصل کرنا چاہتی تھیں جبکہ رجب بٹ خود کو ایک مظلوم شخصیت کے طور پر پیش کرنا چاہتے تھے، چنانچہ دونوں نے اس صورتحال سے فائدہ اٹھایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ انہیں اس معاملے سے منفی شہرت ملی، لیکن شہرت بہرحال شہرت ہی ہوتی ہے۔ اپنے دعوے کی وضاحت کرتے ہوئے فاطمہ خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا اور وقتاً فوقتاً ان کے بیانات میں بھی تبدیلی آتی رہی، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ معاملہ کس نوعیت کا تھا۔

فاطمہ خان کے اس نئے اعتراف کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے، جہاں صارفین اس انکشاف پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا تنازعات کی حقیقت پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ تاہم رجب بٹ کی جانب سے تاحال فاطمہ خان کے تازہ دعوؤں پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔