امریکی فوج کا ایف اے 18 ہارنیٹ طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ

طیارے کے پائلٹ نے حادثے سے قبل کامیابی کے ساتھ ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی


ویب ڈیسک June 14, 2026

واشنگٹن: امریکا میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران امریکی میرین کور کا ایف اے 18 ہارنیٹ لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ واشنگٹن ریاست کے ایک پہاڑی علاقے میں پیش آیا جہاں طیارہ تربیتی مشق کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے حادثے سے قبل کامیابی کے ساتھ ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی۔ پائلٹ کو معمولی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا یا کسی اور وجہ سے۔

ایف اے 18 ہارنیٹ امریکی میرین کور اور امریکی بحریہ کے زیر استعمال ایک معروف جنگی طیارہ ہے جو فضائی دفاع، حملہ آور کارروائیوں اور تربیتی مشنز میں استعمال ہوتا ہے۔