بجٹ میں راولپنڈی اسلام آباد کےلیے پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی میں اضافہ

گزشتہ مالی سال کے 3 ارب روپے کے مقابلے میں نئے مالی سال کے لیے سبسڈی بڑھا کر 7 ارب 30 کروڑ روپے کر دی گئی ہے


ویب ڈیسک June 14, 2026

وفاقی بجٹ 2026-27 میں جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بڑا ریلیف، میٹرو بس اور گرین الیکٹرک بس سروسز کے لیے سبسڈی میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا۔

وفاقی بجٹ 2026-27 میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے مختص سبسڈی میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔گزشتہ مالی سال کے 3 ارب روپے کے مقابلے میں نئے مالی سال کے لیے سبسڈی بڑھا کر 7 ارب 30 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔

اضافی سبسڈی کا اطلاق میٹرو بس سروس اور گرین الیکٹرک بس سروس پر ہوگا، جس سے شہریوں کو معیاری اور سستی سفری سہولتوں کی فراہمی مزید بہتر بنائی جا سکے گی۔راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس سروس 2014 سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور روزانہ لاکھوں  مسافر اس سہولت سے استفادہ کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق جڑواں شہروں کے مزید بیس سیکٹرز اور روٹس پر گرین الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ بھی نئے مالی سال میں شامل کیا گیا ہےراولپنڈی ڈویژن میں اب تک تئیس روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ کا اجرا ہو چکا ہے جبکہ مزید بیس روٹس پر گرین الیکٹرک بسیں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو وسعت دینے اور شہریوں کو جدید سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے گرین الیکٹرک بسوں کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے گی۔

پنجاب حکومت بھی اپنے بجٹ میں راولپنڈی ڈویژن کے لیے الگ ٹرانسپورٹ سبسڈی مختص کرنے پر غور کر رہی ہے، تاکہ خطے میں عوامی نقل و حمل کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔