امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ مکمل ہو گیا ہے جسے انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسلامک ری پبلک آف ایران کے ساتھ ڈیل مکمل ہو گئی ہے سب کو مبارک ہو۔
انہوں نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کو تمام تجارتی اور بین الاقوامی جہازوں کے لیے جمعے کو معاہدے پر دستخط کے بعد کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی بھی فوری طور پر ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تیل کی ترسیل بحال ہونے کا وقت آ گیا ہے اور دنیا بھر کے جہاز اپنی معمول کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ نہ صرف امریکا اور ایران کے تعلقات میں بہتری لائے گا بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔
امریکی صدر کے مطابق آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے عالمی گزرگاہ سے بارودی سرنگیں ہٹانے کا آپریشن بھی کیا جائے گا تاکہ جہاز رانی اور تیل کی ترسیل بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ماضی کے امریکی صدور ایران کے ساتھ معاملات حل کرنے میں ناکام رہے تاہم ان کی انتظامیہ نے ایک ایسا معاہدہ ممکن بنایا ہے جو خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔